اردو

urdu

ETV Bharat / state

ترنمول کانگریس کا ایک اور رکن اسمبلی بی جے پی میں شامل

جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر سے رکن اسمبلی دیپک کمار ہلدار نے ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

Diamond Harbour TMC MLA quits party
ترنمول کانگریس کا ایک اور رکن اسمبلی بی جے پی میں شامل

By

Published : Feb 2, 2021, 5:55 PM IST

مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جوڑ توڑ کی سیاست عروج پر ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی تمام تر کوششوں کے باوجود پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔

توڑ جوڑ کی سیاست میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان دلچسپ مقابلہ جاری ہے۔ دل بدل کے کھیل میں حکمراں جماعت کو زبردست نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب تک 15 ارکان اسمبلی ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔

ترنمول کانگریس کو الوداع کہنے والوں میں جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر سے رکن اسمبلی دیپک کمار ہلدار کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر مکل نے ترنمول کانگریس کے باغی رہنما اور رکن اسمبلی دیپک کمار ہلدار کو پارٹی کا جھنڈا تھماکر ان کا پارٹی میں استقبال کیا۔

اس موقع پر دیپک کمار ہلدار نے کہا کہ ’میرے پاس بی جے پی میں شامل ہونے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا، میں نے کافی غور و فکر کرنے کے بعد ہی ترنمول کانگریس کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو مہینوں کے دوران پندرہ ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمان ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائی کی جارہی ہیں کہ آئندہ 8 فروری کو وزیر داخلہ امت شاہ کے جلسے کے موقع پر مزید ارکان اسمبلی ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details