کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے مختلف وارڈوں میں ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔خاص طور پر جنوبی کولکاتا کے مختلف وارڈ اس وقت ڈینگی کی زدمیں ہیں۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کی تمام تر کوششوں کے باوجود ڈینگی کے کیسز میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔
اور اس کے اطراف میں گزشتہ دس دنوں کے دوران ڈینگی کے کیسز میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ دس دنوں کے دوران کولکاتا کے مختلف وارڈوں میں ڈینگی کے 130 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈینگی کے کیسز کی تعداد میں تشوشناک اضافہ ہونے کے سبب کولکاتا میونسپل کارپوریشن انتظامیہ پر سوال اٹھنے لگا ہے۔ عام لوگوں میں بھی دہشت کا ماحول ہے۔
کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے مئیرفرہاد حکیم نے کہا کہ کے ایم سی اپنی طرف سے ڈینگی پر قابو پانے کی بھر پورکوشش کر رہی ہے۔ لیکن مقامی باشندوں کا تعاون نہیں مل رہا ہے۔ مقامی باشندے اگر اس سلسلے میں تعاون کریں گے تو ڈینگی پر قابو پانے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ عوام کو اس سلسلے میں بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔