محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس دوران 155 سے 165 کلومیٹر فی گھٹہ کی رفتار سے ہوا چل سکتی ہے جو 185 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے۔ وہیں کولکاتا بندرگاہ پر گردابی طوفان یاس کو دیکھتے ہوئے آج (25 مئی) سے جہازوں کی آمد ورفت معطل کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج (منگل) صبح سے جہازوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے جب کہ دوپہر دو بجے کارگو (جہاز سے آنے والا سامان) رکھ رکھاؤ کے کام کو روک دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی کارکنان کو حفاظتی نقطۂ نظر سے دیگر مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وہیں بندرگاہ کی سڑکوں پر مال ڈھونے والی گاڑیوں کی آمد ورفت شام میں 6 بجے روک دی جائے گی۔ محمکہ موسمیات کے افسر کے مطابق گنگا سے متصل مغربی بنگال کے اضلاع میں 26 مئی کی شام اور 27 مئی کی صبح سے 65 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی اور یہ بڑھ کر 75 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
کولکاتا میں واقع ریجنل میٹرو لوجیکل سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر سنجیب بندو اپادھیائے نے کہا کہ کم دباؤ کا علاقہ جو پیر کی صبح مشرقی وسطی بنگال کی کھاڑی میں بالاسور سے قریب 620 کلو میٹر جنوب۔ جنوب مشرق اور مغربی بنگال کے دیگھا سے 610 کلو میٹر جنوب ۔ جنوب مشرق میں واقع تھا، وہ شمال ۔ شمال مغربی سمت میں بڑھے گا۔
انہوں نے صحافیوں سے کہا تھا کہ یہ پیر رات تک خطرناک گردابی طوفان میں تبدیل ہوگا اور 26 مئی کی صبح تک اس کی شدت مزید بڑھ جائے گی نیز یہ بے حد خطرناک گردابی طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔