کولکاتا:مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے ہی ریاست کے تمام اضلاع میں بھیانک تشدد کا بازار گرم ہے۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن جنوبی 24 پرگنہ کے بھانگوڑ اور شمالی دیناج پور ضلع کے چوپڑا میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان بھیانک جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شمالی دیناج پور ضلع کے چوپڑا تھانہ علاقے میں پنچایت انتخابات 2023 کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن بھیانک تشدد کے واقعے میں سی پی آئی ایم کے ایک کارکن کی موت ہوگئی۔اس کے علاوہ جنوبی 24پرگنہ کے بھانگوڑمیں فائرنگ میں انڈین سیکولر فرنٹ کے رہنما کی موت ہوگئی۔
شمالی دیناج پور کے چوپڑا علاقے میں پہلے بموں سے حملہ کیا گیا اور اس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا ۔فائرنگ کے واقعےمیں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لئے جا رہے سی پی آئی ایم کے کارکنان زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو اسلام پور محکمہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی موت کی تصدیق کی جبکہ دیگر دو افراد کی حالت نازک بتائی۔ اس واقعے کے بعد سی پی آئی ایم اور کانگریس نے ضلع انتظامیہ دفتر کا گھیراو کیا۔کانگریس اور سی پی آئی ایم کا کہنا ہے کہ ہمارے امیدواروں کو ہرچہ نامزدگی داخل کرنے سے روکنے کے لئے ترنمول کانگریس کے حامیوں بموں سے حملہ کیا اور اس کےبعد فائرنگ کی۔