کولکاتا: مغربی بنگال میں ہونے والے پنچایت انتخابات کے پیش نظر سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ووٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کی کوشش میں مصروف ہیں ۔CPIM Submitted Fake Voters Lists CEO West Bengal Before Panchayat Election
اس درمیان سی پی آئی ایم نے فرضی ووٹرز کی فہرست ریاستی انتخابی کمیشن کے حوالے کی ہے۔سی پی آئی ایم کا کہنا ہے کہ ووٹرز لسٹ میں ایسے لوگوں کے نام اب بھی ہیں جو بہت پہلے مر چکے ہیں یا پھر دوسری ریاستوں میں بس گئے ہیں۔ سی پی آئی ایم نے دعویٰ کیا کہ فوت ہوچکے افراد (ووٹروں) کے بارے میں انتخابی عہدیداروں کو بار بار مطلع کرنے کے باوجود ناموں کو ہٹانے کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
ووٹر لسٹ میں اب بھی کئی ایسے نام ہیں، جن کی موت بہت پہلے ہوچکی ہے۔ کئی ووٹر ایسے بھی ہیں جو پچھلے چار برسوں سے اس علاقے میں نہیں رہے ہیں۔ سی پی آئی ایم نے ایسے ہزاروں نام ثبوت کے ساتھ الیکشن کمیشن کو پیش کئے ہیں۔ سی پی آئی ایم کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق 913 بوتھوں کا سروے کیا گیا اور وہاں 26 ہزار 773 نام ایسے ہیں جن کی موت ہوچکی ہے لیکن ان کے نام اب بھی ووٹر لسٹ میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 306 بوتھس میں 7401 ووٹر ہیں جو پچھلے چار برسوں سے اس علاقے میں نہیں رہے ہیں۔