اگرتلہ: تریپورہ سی پی آئی ایم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) زیر اقتدار ریاستوں کی پولیس کو تریپورہ میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے،جن کا استعمال انتخابات کے دن حکمراں جماعت کی ہدایت پر پولنگ اسٹیشنوں کی نگرانی کے لئے تعینات کیاجائے گا۔
سی پی آئی ایم پولٹ بیورو کے رکن نیلوتپل باسو نے تریپورہ میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی جگہ گجرات اور آسام سے پولیس فورس کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ریاست میں 16 فروری کو اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں انتخابات میں صرف مرکزی نیم فوجی دستوں کو ہی تعینات کیا جانا چاہیے۔ خط میں وشال گڑھ کے ڈی ایس پی او راہل داس کو ہٹانے کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے، جو سنگین الزامات کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Clash Between TMC And NPP Supporters میگھالیہ میں این پی پی اور ٹی ایم سی کے حامیوں کے درمیان تصادم میں چار زخمی
خط میں کہا گیا ہے کہ آسام کے وزیر اعلی تریپورہ میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں اس لیے ریاست میں آسام پولیس کی موجودگی تشویش کا موضوع ہے۔ اسی طرح ملک کے دوسرے کونے گجرات سے پولیس کی تعیناتی کو انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے والے بیرونی عنصر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس لیے آپ سے گزارش ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ریاست میں صرف مرکزی فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ یو این آئی