کلکتہ پولس کمشنر سومن مترا نے جعلی ویکسینیشن معاملے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی آئی سی ایس آفیسر بن کر غلط طریقہ سے ویکسین دینا مسخ شدہ ذہنیت کی علامت ہے۔
خیال رہے کہ 28 سالہ دیبنجن کو دو ہزار افراد کو غلط طریقے سے کورونا ویکسین لگانے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ کلکتہ پولس کمشنر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دیبنجن نے جو کچھ کیا وہ انتہائی غیر انسانی ہے۔ یہ ذہنی حواس باختہ شخص ہی کرسکتا ہے۔ شہر میں ویکسینیشن کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد پولیس کمشنر نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
پولس نے بدھ کے روز قصبہ کے علاقے میں آئی اے ایس آفیسر بن کر ویکسینیشن کیمپ منعقد کرنے کے معاملے میں دیبنجن کو گرفتار کیا ہے۔ اس کیمپ میں ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان میمی چکرورتی نے بھی ٹیکہ لیا تھا۔ میمی چکرورتی کو اس کیمپ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ چوں کہ ٹیکہ لینے کے بعد انہیں کلکتہ کارپوریشن سے ایس ایم ایس نہیں ملا تو انہیں شک ہوگیا اور انہوں نے پولس کو اطلاع دی۔