مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پر مکمل طور پر قابو پانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کی جنگ جاری ہے۔
مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ میں سو فیصد ویکسینیشن ؟ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری ہدایت کے بعد تمام اضلاع کے صحت مراکز پر ویکسینیشن مہم میں تیزی لائی گئی اور اب یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شمالی 24 پرگنہ میں سو فیصد لوگوں کو کورونا ویکسین دیا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق شمالی 24 پرگنہ کے تمام میونسپلٹی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن کا پہلا ڈوز مکمل ہو چکا ہے، جو لوگ پہلا ڈوز لینے سے رہ گئے ہیں ان کے لئے الگ سے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وہیں شمالی 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی علاقہ کمرہٹی، ٹیٹاگڑھ، گیارولیا، کانکی نارہ، نئی ہٹی، آم ڈانگہ، حاجی نگر اور حالی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن مہم آخری مرحلے میں ہے۔
شمالی 24 پرگنہ کے بیشتر میونسپلٹیوں کے ہیلتھ مراکز میں ٹوکن سسٹم کے ذریعہ لوگوں کو کورونا ویکسین دیا جا رہا ہے۔ دوسرے ڈوسز کے لئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
اس سلسلے میں گیارولیا میونسپلٹی کے ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے سربراہ رابن داس نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کو آسان بنانے کے لئے متعدد منصوبوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ کسی بھی ہیلتھ سینٹر پر چلے جائیں آپ کو کہیں بھی بدنظمی یا پھر بھیڑ بھاڑ نظر نہیں آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی دیناج پور: رائے گنج یونیورسٹی میں طالبات کے لئے کورونا ویکسینیشن کیمپ کا اہتمام
واضح رہے کہ چند مہینہ قبل شمالی 24 پرگنہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر اضلاع میں سے ایک تھا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس ضلع کے حالات میں سب سے زیادہ بہتری آئی ہے۔