مغربی بنگال ریاستی کانگریس کے نائب صدر محمد مختار نے ای ٹی وی بھارت کو دیے گئے خصوصی انٹرویو کے دوران وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی پر شدید نکتہ چینی کی۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد مختار نے کہا کہ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ کولکاتا پورٹ (بندرگاہ ) علاقے میں گذشتہ دس برسوں کے دوران کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے۔
محمد مختار نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران ریاستی وزیر فرہاد حکیم نے جتنے بڑے وعدے کیے تھے ان میں سے کسی کو بھی پورا نہیں کیا۔
بادشاہ واجد علی شاہ کی نگری میٹیا برج میں اقلیتی طبقے کی ترقی کے سوال پر پردیش کانگریس کے نائب صدر محمد مختار نے موجودہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی پر بی جے پی کو ریاست میں قدم جمانے کا موقع فراہم کرنے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ کام دکھتا ہے، لیکن یہاں کوئی کام ہوا ہی نہیں ہے جس کو لے کر ریاستی حکومت کی تعریف کی جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی نے نہ صرف مٹیا برج بلکہ بنگال کے تمام مسلمانوں کو گمراہ کیا ہے اور انہیں ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے۔
کولکاتا پورٹ (بندرگاہ ) سے کانگریس کے امیدوار محمد مختار نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بنگال کی جو حالت ہوئی ہے اس کی ذمہ دار ممتا بنرجی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2011 میں ممتا بنرجی میں انڈین نیشنل کانگریس کی مدد سے اقتدار میں آئی لیکن وزیراعلیٰ بنتے ہی کانگریس کو ختم کرنے پر آمادہ ہو گئی۔