مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے مدنظر کانگریس اور بائیں محاذ نے ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے خلاف کمر کس لی ہے۔
بے روزگاری اور کسان بل کے خلاف مشترکہ جلوس دونوں اتحادی جماعتوں کی جانب سے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے خلاف مشترکہ طور پر جلسہ و جلوس کیا جا رہا ہے۔
اس دوران شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بیرکپور میں کانگریس اور بائیں محاذ نے مشترکہ طور پر سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپیں، کسان بل، بے روزگاری کے خلاف احتجاجی جلوس کا اہتمام کیا گیا۔
بے روزگاری اور کسان بل کے خلاف کانگریس، بائیں محاذ کا مشترکہ جلوس یہ جلوس بیرکپور اسٹیشن کی مختلف سڑکوں سے گزرتے ہوئے ٹیٹاگڑھ پہنچا۔ جلوس میں سی پی آئی ایم اور کانگریس کے سیکڑوں حامیوں نے شرکت کی۔
بائیں محاذ کے چیئرمین بمان بوس نے کہا کہ شمالی 24پرگنہ ضلع ریاست کا واحد ضلع ہے جہاں سب سے زیادہ سیاسی تشدد کی وارداتیں رونما ہوتی ہیں، اس پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں جس طرح سے سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپوں میں لوگوں کی جان جا رہی ہے اس سے لا اینڈ آرڈر پر سوال اٹھنے لگا ہے۔
بمان بوس نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے اس پر قابو پانے کے لئے سخت ترین قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔
بے روزگاری اور کسان بل کے خلاف کانگریس، بائیں محاذ کا مشترکہ جلوس بائیں محاذ کے چئیرمین کا کہنا ہے کہ کسان بل سے کسانوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گا۔ بایاں محاذ اس بل کی مخالفت کرتا ہے اور مستقبل میں بھی کرے گا۔
اس موقع پر سی پی آئی ایم کے رہنما محمد سلیم، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری شبھانکر رائے، کانگریس ضلع صدر تاپس مجمدار، جاوید اقبال سمیت کئی اعلی رہنما موجود تھے۔