بنگال:مغربی بنگال کے بردوان ضلع کے صنعتی خطہ درگاپور میں واقع سٹی سینئر میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ضلع انتظامیہ اور اعلیٰ پولیس حکام کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے دوران ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ اور سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ راجستھان کے ادے پور میں جو کچھ بھی ہوا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے وہ اس طرح کے نظریات کے حامل لوگوں کی کڑی مذمت کرتی ہیں وہ چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔سماج کے تمام طبقے کے لوگوں کو اس کی مذمت کرنے کے لیے سڑکوں پر آنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نفرت کی سیاست اور مذہبی کٹر نظریات دونوں ملک کی کسی بھی ریاست میں کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔ اس معاملے میں ملوث لوگوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے مطابق قانون پر مکمل اعتماد ہے۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ دوسروں کو سبق مل سکے۔ انہوں نے عوام سے صبر و تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔
وہیں مغربی بنگال بی جے پی یونٹ کے صدر سوکنتا مجمدار نے کہا کہ راجستھان کے اودےپور میں جو کچھ بھی ہوا اس کی مذمت ہونی چاہیے لیکن ان سیاسی رہنماؤں کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے جن کی ریاست میں آئے دن قتل و آبروریزی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔