کولکاتا: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے چیتلا میں واقع اہندرا منچ میں سی پی آئی ایم کی ایک عوامی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں سی پی آئی ایم کی رہنما برندا کرات نے حکمراں ترنمول کانگریس اور بی جے پی پر جم کر تنقید کی۔ سی پی آئی ایم کی تنظیمی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے پولیٹ بیورو کی رکن برندا کرات نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت ہر معاملے میں بی جے پی کی حمایت کرتی ہے۔ ممتا بنرجی اور ترنمول کے اس رویے کا مقابلہ صرف لفٹ فرنٹ ہی کر سکتی ہے۔ اس لئے اس پیغام کو ریاست کے تمام حصوں کے لوگوں تک پہنچانا چاہیے۔
برندا کرات نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت گاندھی جی کے خلاف بیان بازی کرتی ہے۔مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت، وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ، گاندھی جی کے قاتل ناتھورام گوڈس کی حمایت کرتے ہیں۔ گاندھی جی نے فرقہ پرستی کی مخالفت کی۔ فرقہ پرست طاقتیں ملک کو چلا رہی ہیں۔ برندا کرت نے مزید الزام لگایا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت بنیاد پرست ہندوتوا کی سیاست کر رہی ہے۔ مغربی بنگال کی حکمران جماعت ترنمول نرم ہندوتوا (Soft Hindutva) کی حمایت کر رہی ہے۔ مذہبی غیر جانبداری کے نام پر حکومتی انتظامیہ مذہبی رسومات کی پابندی کی حمایت کر رہی ہے۔ اس کے ذریعہ ترنمول بی جے پی کو نفرت کی سیاست کو پھیلانے کا موقع دے رہی ہے۔