کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے الزام لگایا کہ مرکز نے ریاست کو منریگا پروجیکٹ اور اس کے ہاؤسنگ اور سڑکوں کے محکموں کے دیگر اقدامات کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر مغربی بنگال کے کل واجبات ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ ٹی ایم سی کی سربراہ نے الزام لگایا کہ مرکز نے منریگا اور اندرا آواس یوجنا (دیہی) کے لیے فنڈ جاری کرنا بند کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی او بی سی طلبہ کی اسکالرشپ بھی روک دی گئی ہے۔
محترمہ بنرجی نے کہاکہ میں ریاستی حکومت کو بدنام کرنے اور ہماری ریاست کو اس کے واجبات سے محروم کرنے کی اس 'آمرانہ کوشش' کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے بنگال کے وزیر اعلیٰ کے طور پر یہ (دھرنا) جاری رکھوں گی۔ وزیر اعلی کے طور پر یہ تیسری بار ہے جب محترمہ بنرجی دھرنے پر بیٹھی ہیں۔ دریں اثنا، محترمہ بنرجی نے منگل کو ہگلی ضلع کے سنگور میں 'پاتھ شری-راستہ شری' پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ یہ ریاست کے 22 اضلاع میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور دیہی رابطہ مضبوط کرنے کے لئے 12,000 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے ذریعے رابطہ بڑھانے کے لیے مغربی بنگال کی حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے۔