کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ طویل عرصے سے بنگال کے عوام منریگا اور آواس یوجنا کے فنڈز کو روکے جانے کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے حق کیلئے نہیں جھکیں گے۔ ہم متاثرہ لوگوں کی طرف سے مرکزی حکومت کو لکھے گئے خطوط کو لے کر دہلی کی طرف مارچ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منریگا اسکیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاست ہونے کے باوجود مرکز نے سراسر حسد اور انتقام کی سیاست کی وجہ سے فنڈز روک دیے ہیں۔ ممتا بنرجی نے مزید کہاکہ ہم لڑائی دہلی تک لے جائیں گے۔ پارٹی نے کہا کہ بنگال کے عوام اب بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی محرومیوں کو برداشت نہیں کریں گے۔
دو سال سے زائد عرصے سے، انہوں نے 100 دن کے کام کے پروگرام کے تحت 6,907کروڑ روپے کے فنڈز روکے ہوئے ہیں۔ ہم آگے بڑھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں کہ ہمارے لوگوں کو ان کے جائز واجبات مل جائیں۔