ریاست مغربی بنگال میں تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کورونا گائیڈ لائن کے تحت کالجز، اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں اور مدرسوں کو کھولنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
تعلیمی اداروں میں صفائی اور سینیٹائزایشن کا کام شروع
مغربی بنگال حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے 15 نومبر کو پوری ریاست میں اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ اس کے پیش نظر اسکولز اور کالجز کی انتظامیہ نے صاف صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔
ریاست کے تمام اضلاع کے کالجز، اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں میں کورونا گائیڈ لائن کو یقینی بنانے کے لئے صاف صفائی اور سینیٹائزیشن کا کام جاری ہے۔ تہواروں کا موسم ختم ہوتے ہی ریاست میں تقریباً دو سال بعد تعلیمی سرگرمیوں کے ایک بار پھر مکمل طور پر بحال ہونے کا امکان ہے۔
گارولیا مل ہائی سیکنڈری اسکول کے ہیڈ ماسٹر ڈاکٹر سدانند شاہ نے کہا کہ اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں میں کورونا گائیڈ لائن کو یقینی بنانے کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ مقررہ وقت سے پہلے ہی تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت ترجیحات میں شامل ہے اور اس سے سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ مدرسوں میں بھی یکساں تیاریاں جاری ہیں۔
ہیڈ ماسٹر سدانند شا نے مزید کہا کہ اسکول کے تمام اساتذہ کو جلد از جلد ڈیوٹی جوائن کرنے کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ پہلے اساتذہ ڈیوٹی جوائن کریں گے، اس کے بعد طلبہ و طالبات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ مزید پڑھیں:15 نومبر سے بنگال میں تعلیمی ادارے کھل جائیں گی
واضح رہے کہ مغربی بنگال حکومت نے 15 نومبر سے ریاست کے کالجز، اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اس کے لیے تمام تر تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔