کولکاتا:کانگریس نے مہاجتی سدن میں اپنے یوم تاسیس کا انعقاد کیا۔ کانگریس کے نوجوان لیڈر کنہیا کمار نے اپنے خطاب میں ترنمول کانگریس سے کہیں زیادہ بی جے پی کی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ بنگال میں بی جے پی تقسیم کی سیاست کررہی ہے۔ بی جے پی میڈیا کوکنٹرول کرکے بنگال کو بدنام کر رہی ہے۔ کنہیا کمار نے مرکزی جانچ ایجنسیوں کے کردار پر سوال اٹھایا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک بی جے پی میں نہیں ہیں آپ بدعنوان ہیں مگر بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بدعنوان لیڈر پاک صاف ہوجاتا ہے۔
ریاستی کانگریس کے صدر ادھیر چودھری نے ترنمول کانگریس کے ساتھ ساتھ بی جے پی کی بھی تنقید کی۔ لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر نے کہاکہ بنگال میں کانگریس دوبارہ زندہ ہو رہی ہے۔ اس لیے ترنمول کانریس میں گھبراہٹ ہے۔ ساگردیگھی نے دکھادیا ہے کہ کانگریس کا وجود ختم ہونے والا نہیں ہے۔میٹنگ میں آئے طلبا لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بہرام پور کے کانگریس ایم پی نے کہاکہ میں آپ کو بتاتا ہوں، بنگال میں ہم ایک طرف ترنمول اور دوسری طرف بی جے پی کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔