مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ضلع شمالی 24 پرگنہ کے بدھان نگر میں واقع سالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کلکتہ فٹبال لیگ کے فائنل میچ میں محمڈن اسپورٹنگ کی ٹیمریلوے ایف سی کو ایک صف میں سے شکست دے کر چالیس برسوں میں پہلی مرتبہ کلکتہ فٹبال لیگ 2021 کی چمپئن بنی۔
محمڈن اسپورٹنگ کی تاریخی جیت پر دارالحکومت کولکاتا سمیت ریاست کے تمام اضلاع میں جشن کا سماں ہے۔ محمڈن کی اس جیت پر شیدائیوں نے کھل اظہار خیال کیا۔ شیدائیوں نے کہاکہ یہ ایک تاریخی جیت ہے۔ سنہ 1981 میں آخری مرتبہ سیاہ سفید جرسی والی ٹیم
محمڈن اسپورٹنگ نے خطاب جیتا تھا۔ لمبے عرصے کے بعد آج ہمیں یہ دن دیکھنے کو ملا۔انہوں نے کہاکہ جیت جیت ہوتی ہے اور اس جیت کی بدولت ہمارا کلب کا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے ہمیں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنا ہوگا۔'شیدائیوں کا کہنا ہے کہ آج ہم نے کلکتہ فٹبال لیگ کا خطاب جیتا اور اب ہمارے سامنے آئی لیگ کا ہدف ہے۔ اس کے بعد آئی ایس ایل پر ہماری نظر ہو گی۔' ان کا کہنا ہے کہ محمڈن اسپورٹنگ کے بغیر انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) مکمل نہیں ہے۔ سیاہ سفید جرسی والی ٹیم کی شمولیت کے سبب آئی ایس ایل کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گا۔ واضح رہے کہ محمڈن اسپورٹنگ نہ صرف مغربی بنگال بلکہ برصغیر میں بھارت کی آزادی سے قبل برطانوی فوجی فٹبال ٹیم کو کھیل کے میدان میں شکست دینے والا واحد کلب ہے۔ سنہ 1881 میں بھارتی فٹبال میدان میں جلوہ گیر ہونے والا کلب محمڈن اسپورٹنگ مسلسل نشیب و فراز سے گزرنے کے بعد بھی اپنی شناخت برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔ سنہ 1981 کے بعد محمڈن اسپورٹنگ کے سامنے پہلی مرتبہ کلکتہ فٹبال لیگ کا خطاب جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ کلب انتظامیہ، کھلاڑی اور شیدائی اس کے لیے پرعزم ہیں۔