کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع علی پور کی عدالت میں پارتھوچٹرجی کے خلاف بھرتی بدعنوانی کیس میںسماعت ہوئی۔ ریاست کے سابق وزیر تعلیم ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران سی بی آئی نے جج سے پوچھ گچھ کے لیے پارتھو کو ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی کے وکیل نےکہاکہ ہر روز ہماری تحقیقات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ نئی معلومات بھی سامنے آئی ہیں۔ اس معلومات کی تصدیق کے لیے، ہم جیل جا کر پوچھ گچھ کرنا چاہتے ہیں۔ ہائی کورٹ کو بھی رپورٹ دے رہے ہیں۔ ہمارے تفتیشی افسران سوئے نہیں ہوئے ہیں ۔
اس کے کچھ دیر بعد سابق وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی عدالت سے باہر آئے۔نامہ نگاروں نے ان سے سوال کیا کہ سی بی آئی جیل جا کر آپ سے دوبارہ پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔ کیا آپ تعاون کریں گے؟ پارتھوچٹرجی نے فوراً جواب دیاکہ میں ہمیشہ تعاون کرتا ہوں۔ سی بی آئی کے اس دعوے پر کہ انہیں نئی معلومات ملی ہے اس پر پارتھو چٹرجی نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ انہیں کیا نیا ملا ہے۔
پارتھو چٹرجی بدھ کو بلیو پرنٹ شدہ پنجابی اور سفید پاجامہ پہن کر عدالت میں پیش ہوئے۔ اس سے قبل مختلف ذرائع سے خبریں آئی تھیں کہ پارتھو چٹرجی قدرے بیمار ہیں۔ تاہم جب سابق وزیر سے جسمانی بیماری کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ تاہم انہیں عدالت کے احاطے میں سیڑھیاں چڑھنے اور گاڑی کے فٹ ویل پر بیٹھنے میں جو دقت پیش آرہی تھی وہ قابل فہم ہے۔