کولکاتا:سی بی آئی ذرائع کے مطابق راناگھاٹ نارتھ ویسٹ کے موجودہ بی جے پی کے ممبر اسمبلی پارتھا سارتھی چٹوپادھیائے نے 2014 اور 2018 میں میونسپل کونسل میں کئی کارکنوں کی تقرری میں بدعنوانی کی ہے۔ سی بی آئی کے مطابق یہ تقرری ایان شیل کی کمپنی Abs Infozon کے ذریعہ سے کی گئی تھی۔ایا ن شیل اساتذہ تقرری معاملے میں اس وقت جیل میں ہیں ۔ ایان شیل کی ڈائری سے ہی اس سے متعلق معلومات سی بی آئی کے ہاتھ لگی تھی۔
پارتھا سارتھی چٹوپادھیائے رانا گھاٹ میونسپلٹی میں طویل عرصے تک چیئرمین رہے۔ پارتھا سارتھی ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر 2021 کے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی میں شامل ہوئے۔اسمبلی انتخابات کے دوران شمال مغربی راناگھاٹ حلقے سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے۔تلاشی کے دوران بی جے پی کے ممبر اسمبلی نے کہا کہ یہ عدالت کی نگرانی میں جانچ کی جارہی ہے۔پارتھا سارتھی نے کہا کہ میں سی بی آئی کے جانچ میں تعاون کررہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ایا شیل ان کے دفتر آئے تھے مگر ہم نے ان کے ساتھ کوئی لین دین نہیں کی تھی ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ رانا گھاٹ میونسپلٹی میں 2014-18 تک کوئی بدعنوانی نہیں ہوئی تھی۔ اس وقت پہلے راؤنڈ میں 60 اور اگلے راؤنڈ میں 16 افراد کو تعینات کیا گیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ تقرری سات افراد کی کمیٹی کے ذریعے کی گئی تھی۔ پارتھا سارتھی نے دعویٰ کیا کہ اس کمیٹی میں ضلع کمشنر بھی شامل تھے۔