کولکتا: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے ریاست میں تعلیم کے شعبے میں نوکری کے بدلے رقم گھپلہ کے سلسلے میں مغربی بنگال کے نادیا ضلع کے تہٹا اسمبلی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے تاپس ساہا کے گھر پر چھاپہ مارا۔کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر سی بی آئی کی تلاشی چل رہی ہے۔ عدالت نے منگل کو اس معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا تھا۔ مرکزی جانچ ایجنسی کی ایک ٹیم نے جمعہ کو ساہا کے گھر اور ان کی رہائش گاہ سے متصل ترنمول کانگریس پارٹی کے دفتر پر چھاپہ مارا۔
ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے دوران برآمد ہونے والے دستاویزات کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ جسٹس راج شیکھر منتھا نے منگل کو سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا تھا۔ ساتھ ہی اس کیس کو پولیس سے فوری طور پر سی بی آئی کو سونپنے کا حکم دیا تھا۔شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ مذکورہ ایم ایل اے نے 2016 سے 2021 کے دوران اپنے پرائیویٹ سکریٹری کے ساتھ مل کر ایک سازش کی اور اس کی پیروی میں مغربی بنگال کے مختلف محکموں میں ریاستی سرکاری ملازمتوں کا وعدہ کرنے کے عوض مبینہ طور پر رقم اکٹھی کی۔سی بی آئی کی ٹیم نے مسٹر ساہا کے پرسنل اسسٹنٹ کے گھر کی بھی تلاشی لی۔واضح رہے کہ اس سے قبل ریاست کے سابق وزیر تعلیم پارتھا چٹرجی سمیت ترنمول کانگریس کے تین ممبران اسمبلی کو اس سلسلے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔