کولکاتا:اسکول سروس کمیشن اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کے معاملے میں آج سی بی آئی نے اشوک ساہا اور شانتی پرساد سنہا کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس سی بدعنوانی معاملے میں سی بی آئی کی یہ پہلی گرفتاری ہے۔ واضح رہے کہ ایس ایس سی بدعنوانی معاملے میں ترنمول کانگریس کے سنئیر رہنما پارتھو چٹرجی اور ان کی قریبی ارپیتا مکھرجی ای ڈی کی حراست میں ہیں۔
کلکتہ ہائی کورٹ نے ایس ایس سی میں اساتذہ کی تقرری میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا انکشاف ہونے پر سی بی آئی کو جانچ کا حکم دیا تھا۔ اسکول سروس کمیشن کے ایڈوائزری کمیٹی کے سرپرست رہے شانتی پرساد سنہا کے متعلق باگ کمیٹی نے بدعنوانی معاملے میں ان کے کردار پر سوال اٹھایا تھا اور ان کے خلاف جانچ کی تجویز پیش کی تھی۔ اس سے قبل ای ڈی اور سی بی آئی دونوں شانتی پرساد سنہا کے گھر کی تلاشی لے چکے ہیں۔جس میں کئی اہم دستاویزات سی بی آئی کے ہاتھ لگے تھے۔ آج سی بی آئی نے شانتی پرساد سنہا کے گھر پر ان سے کچھ دیر پوچھ گچھ کی اور پھر شام کو انہیں گرفتار کر لیا۔