کولکاتا:مغربی بنگال بی جے پی نے 29 نومبر کودھرم تلہ کے وکٹوریہ ہائوس کے سامنے پروگرام کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔اس جلسے میں امیت شاہ شرکت کرنے والے تھے۔تاہم کلکتہ پولس نے جلسے کی اجازت دینے سے دو دو مرتبہ انکار کردیا ہے۔کلکتہ پولس کی دلیل ہے کہ یہ جگہ ریلی کیلئے نہیں ہے۔بی جے پی نے پولیس کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔یک رکنی بنچ نے کلکتہ پولس کو ریلی کی اجازت دینے کی ہدایت دی تھی۔ ریاستی حکومت نے سنگل بنچ کے خلاف چیف جسٹس کے ڈویژن بنچ کے پاس گئی ۔جمعرات کو ریاستی وکیل کشور دتہ نے کہاکہ ’’بی جے پی 29 نومبر کو وکٹوریہ ہاؤس کے سامنے میٹنگ کرنا چاہتی ہے۔ وہ جگہ کسی پروگرام کے لیے نہیں ہے۔ صرف ایک پروگرام ہوتا ہے۔ گزشتہ 30 سالوں سے یہی حال ہے۔
21 جولائی 1993 کو کلکتہ پولیس پر مغربی بنگال یوتھ کانگریس کی اس وقت کی صدر ممتا بنرجی کی قیادت میں نکالے گئے جلوس پر فائرنگ کرنے کا الزام تھا۔ اس فائرنگ میں 13 افراد مارے گئے۔ اس کے بعد، 1998 میں ممتا کی قیادت میں ترنمول کی تشکیل کے بعد سے، ترنمول کانگریس ہر سال 21 جولائی کو 13 شہیدوں کی یاد مناتی ہے۔ لیکن عدالت میں ریاست کے وکیل کی یہ دلیل سننے کے بعد بی جے پی یہ جاننا چاہتی ہے کہ اگر ریاست کی حکمراں پارٹی جلسہ گاہ نہ ہونے کے باوجود وہاں سیاسی پروگرام کر سکتی ہے تو بی جے پی کیوں نہیں کر سکتی؟
بی جے پی کے وکیل بل بدل بھٹاچاریہ نے سوال کیاکہ حکمران پارٹی اپنا سیاسی پروگرام کرتی ہے۔ بی جے پی بھی ایسا ہی کرنا چاہتی ہے۔ تو مسئلہ کیا ہے؟۔