کولکاتا:مغربی بنگال پولس کانتی میونسپلٹی کے گرین سٹی مشن میں بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کانتی سے ممبر پارلیمنٹششیر ادھیکاری کے بڑے بیٹے کرشنندو ادھیکاری کو میچاڈا-دیگھا بائی پاس پر لیمپ پوسٹوں کی تنصیب سے متعلق بدعنوانی کے معاملے میں بطور گواہ نوٹس جاری کیا ہے۔
اسی معاملے میں پولیس نے سشیر کے ایک اور بیٹے اور تملوک سے ممبر پارلیمنٹ دیبیندو ادھیکاری کی بیوی سوتپا ادھیکاری کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ کرشنندو نے اس بارے میں ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ بدھ کو جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے کی عدالت میں کیس کی سماعت میں پولیس کے کردار پر تنقید کی گئی۔
عدالت نے تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے متعلقہ کیسز میں صحیح طریقے سے کام نہیں کیا ہے۔ جسٹس گنگوپادھیائے نے ایگرا کے ایس ڈی پی او پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ انہوں نے تبصرہ کیاکہ اردی میں اشوکا ستون کو ایس ڈی پی نے محفوظ نہیں کیا ہے۔ پولیس نے غلاموں کی طرح کام کیا ہے۔جسٹس گنگوپادھیائے نے کہا کہ عدالت کے حکم کے بغیر پولیس متعلقہ معاملے میں کرشنندو کو کوئی نوٹس نہیں بھیج سکتی ہے۔ اس تناظر میں جسٹس گنگوپادھیائے نے کہا کہ اگر پولیس کوئی کارروائی کرتی ہے تو میں اس کے خلاف کارروائی کروں گا۔