کلکتہ ہائی کورٹ نے وشو بھارتی یونیورسٹی کے تین طلبا کی معطلی کو رد کردیا ہے۔ انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف یونیورسٹی کے طلبا مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔ اس کی وجہ سے یونیورسٹی میں کام کاج معطل ہوگیا تھا۔
کئی دنوں تک یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا طلبا نے گھیراؤ کیا تھا۔ بعد میں یونیورسٹی انتظامیہ نے عدالت سے رجوع کیا تھا جس میں کلکتہ ہائی کورٹ نے طلبا کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا گھیراؤ ختم کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم احتجاج پر روک نہیں لگائی تھی۔
آج کلکتہ ہائی کورٹ نے تینوں معطل طلبا کی سزا منسوخ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر اپنی کلاسوں میں واپس آنے کا حکم دیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے جج راج شیکھر مانتھا نے بدھ کو اپنے حکم میں وائس چانسلر بدیوت چکرورتی کے رویے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے معاشیات اور سیاست کے طالب علم فالگونی پان، سومناتھ ساؤ اور ہندوستانی کلاسیکل میوزک کی طالبہ روپا چکرورتی کو معطل کردیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے وائس چانسلر کی مخالفت کی تھی۔