کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع جوڑاسانکو میں رابندر بھارتی کے کیمپس کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی تھی۔ چیف جسٹس ٹی ایس شیوگنم اور جسٹس ہیرنموئے بھٹاچاریہ کی سربراہی میں ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بنچ نے پوری تعمیر کو منہدم کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تاریخی ورثے کی عمارت کو فوری طور پر سابقہ حالت میں واپس کیا جائے۔ کلکتہ میونسپلٹی کو عدالت کے اس حکم کو نافذ کرنے کے بعد 45 دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔
کلکتہ میونسپل کارپوریشن کو غیر قانونی تعمیرات کو جلد از جلد گرانے کا کام شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے میونسپلٹی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ، ”تعمیرات کو جلد از جلد گرانے کی ضرورت ہے“۔ اس کام کو بدھ تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب سب کو معلوم ہے کہ یہ تعمیرات قواعد کے مطابق نہیں ہوئی ہے تو پھر اتنی دیر چھوڑنے کی کیا ضرورت ہے۔میونسپلٹی پر تنقید کرتے ہوئے جج نے مزید تبصرہ کیا کہ اگر آپ آنکھیں بند کر لیں گے تو کیا ہوگا؟ اگر چاہیں تو چھ گھنٹے کے اندر مسماری شروع کی جا سکتی ہے۔