کولکاتا:مغربی بنگال انتخابی کمیشن کے مطابق قانون اس بارے میں کچھ نہیں کہتا۔ اس لیے نامزدگی کے دن کو بڑھانے میں کوئی مشکل نہیں ہونی چاہیے۔ ممکنہ طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت مزید چند دن بڑھایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کمیشن کے مطابق پولنگ اعلان کردہ دن میں ہی ہوگی۔ جمعہ کو ریاستی الیکشن کمشنر راجیو سنہا نے کہا کہ ہم پرامن انتخابات کرانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ووٹنگ نہ صرف پرامن بلکہ شفاف ہوگی۔ ووٹنگ کے عمل سے وابستہ لوگوں کو یہ پیغام دیا گیا ہےکہ وہ بے خوف ہوکر پرچہ نامزدگی داخل کریں ۔پنچایت انتخابات پر بی جے پی اور کانگریس نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بنچ نے جمعہ کو عرضی کی سماعت کرتے ہوئے کہاکہ پہلی نظر میں سے ایسا لگتا ہے کہ نامزدگی سے پولنگ تک کا پورا عرصہ بہت جلد بازی سے کیا جا رہا ہے۔ نامزدگی کے لیے دیا گیا وقت بہت کم ہے۔ ووٹنگ کے شیڈول پر نظر ثانی کی جائے۔ یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا سب ڈویژنل مجسٹریٹ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یا کمیشن کے دفتر میں نامزدگی داخل کرنے کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے بتایاکہ نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ نامزدگی کا عمل ابھی شروع ہوا ہے۔راجیو اسنہا نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ریاستی پولیس کے ڈی جی سے بوتھ میں کافی پولیس کی تعیناتی کے بارے میں بات چیت کی ہے۔