کولکاتا: ای ڈی نے سمن جاری کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی کو 3اکتوبر کو ای ڈی کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔اس کے بعد سے ہی ای ڈی پر ترنمول کانگریس سوال کھڑا کررہی ہے کہ ترنمول کانگریس کے پروگرام میں رخنہ ڈالنے کیلئے ہی ای ڈی نے 3اکتوبر کو ابھیشیک بنرجی کو طلب کیا ہے۔ای ڈی اس دن کے علاوہ بھی انہیں طلب کرسکتی تھی۔اس کے پیچھے سیاست کارفرما ہے۔
کلکتہ ہائی کورٹ کی جج امریتا سنگھ نے ابھیشیک بنرجی کا نام لیے بغیر 3 اکتوبر کو ای ڈی کی انکوائری سے متعلق سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 3 اکتوبر کو ہونے والی انکوائری کسی بھی طرح سے متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے لیے کوئی بھی اقدام کیا جا سکتا ہے۔ ابھیشیک بنرجی کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جسٹس سنگھ نے ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر متھلیش کمار مشرا کو بھی ہٹانے کا حکم دیا ہے،مشرا تحقیقات میں شامل تھے۔ انہوں نے ای ڈی سے کہا کہ اعتماد کی کمی کی وجہ سے متھیلیش کمار کو ہٹا دیا جانا چاہئے اور 3 اکتوبر کی انکوائری میں کسی اور قابل افسر کو شامل کیا جائے۔
ابھیشیک بنرجی کو مرکزی جانچ ایجنسی نے 3 اکتوبر کو صبح10,30بجےسی جی او کمپلیکس میں Leaps and Bounds کمپنی سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے جمعہ کو کہا کہ وہ ای ڈی کے سمن پر پیش ہونے کے بجائے پارٹی کے پروگرام میں شرکت کے لیے دہلی جائیں گے۔ ابھیشیک نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر اس بارے میں تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر ہمت ہے تو مجھے روک کر دکھائیں ۔
اپنے ایکس ہینڈل پر ابھیشیک نے یہ بھی لکھاکہ بنگال کی محرومی اور بنگال کے جائز واجبات کی ادائیگی کیلئے لڑائی تمام رکاوٹوں کے باوجود جاری رہے گی۔ بنگال کے لوگوں کے بنیادی حقوق کے لیے میری اس لڑائی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔‘‘ اس کے بعد ابھیشیک نے لکھا ہے کہ ’میں احتجاج میں شامل ہونے کے لیے 2 اور 3 اکتوبر کو دہلی میں رہوں گا۔مشہور وکیل بکاس رنجن بھٹاچاریہ نے اس کی طرف عدالت کی توجہ مبذول کرائی اس کے بعد جسٹس سنگھ نے کہاکہ3 اکتوبر کی تحقیقات یا انکوائری کو کسی بھی طرح متاثر نہیں ہونا چاہیے" ای ڈی تحقیقات کے مفاد میں کوئی بھی کارروائی کر سکتی ہے۔