کولکاتا: کانگریس رہنما اور وکیل کوستو باگچی کے گھر پر آدھی رات کو پولس کے ذریعہ چھاپہ مارے جانے کے معاملے میں کلکتہ پولس کمشنر کو عدالت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ پولس کی رپورٹ سے مطمئن نہیں ہے۔ جسٹس راج شیکھر منتھا نے حلف نامہ طلب کیا تھا۔ انہوں نے کوستو باگچی کی گرفتاری کے معاملے میں کلکتہ پولیس کمشنر کے کردار پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
جج نے عدالت میں کہا کہ کمشنر کا کہنا ہے کہ کوستو باگچی کے گھر پر پولیس کا چھاپہ صحیح قدم ہے۔ کمشنر کی رپورٹ قابل قبول نہیں ہے۔اس کے بعد جج نے سرکاری وکیل سے کہا کہ یہ سارا واقعہ قابل قبول نہیں، سب جانتے ہیں، تو اس پر غور کرنا چاہیے کہ کمشنر اپنے ماتحت پولیس کو غیر قانونی کام کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ اس کے بعد عدالت نے ریاست کو حکم دیا کہ وہ 12 اپریل تک عدالت میں حلف نامہ داخل کرے۔ اگلی سماعت 20 اپریل کو ہوگی۔ اس وقت تک عبوری حکم نامہ برقرار رہے گا۔