کولکاتا:چند روز قبل مغربی بنگال کے دورے پر آئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ریاست میں لوک سبھا انتخابات سے قبل سی اے اے (CAA) کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ پھر یہی بات ایک اور مرکزی وزیر اور متوا لیڈر شانتنو ٹھاکر کی آواز میں سنائی دی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے دیہی ترقی سادھوی نرنجن جیوتی نے شہریت ترمیمی قانون کے نافذ ہونے کی بات کہی۔
ریاست کی حکمران جماعت ترنمول کانگریس اور ریاستی حکومت میں وزیر ششی پنجا نے کہا کہ مرکزی حکومت سی اے اے پر ٹال مٹول کر رہی ہے۔ مرکزی وزراء ریاست میں ایک بات کہہ رہے ہیں اور دہلی جا کر دوسری بات کہہ رہے ہیں۔ مرکزی حکومت سی اے اے کو انتخابات کے دوران پروپیگنڈا کے طور پر استعمال کر سکتی ہے۔
ششی پنجا نے کہاکہ بنگال کی وزیر اعلیٰ (ممتا بنرجی) نے واضح کر دیا ہے کہ بنگال میں سی اے اے لاگو نہیں ہوگا۔ مغربی بنگال میں رہنے والے لوگ راشن حاصل کر رہے ہیں، ووٹ ڈال رہے ہیں اور مختلف منصوبوں سے وابستہ ہیں۔ وہ پہلے ہی ملک کے شہری ہیں۔ ترنمول کانگریس پارٹی کے ترجمان کنال گھوش نے کہاکہ دراصل، سب کچھ بی جے پی کی ووٹ کی سیاست ہے۔ ممتا بنرجی نے بہت پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ ہم سب شہری ہیں۔ ۔ جب ووٹ آتا ہے تو مرکزی حکومت اس طرح کی سیاست پر زور شور سے کام شروع کر دیتی ہے۔