اردو

urdu

ETV Bharat / state

بنگال میں پولنگ پرامن طریقہ سے اختتام پذیر - رائے دہندگان کو ڈرانے دھمکانے کا الزام

مغربی بنگال کی بھوانی پور سمیت تین سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے لیے جمعرات کو پولنگ کا عمل پرامن طریقہ سے ختم ہوگیا۔ بھوانی پور میں شام پانچ بجے تک 53.32فیصد پولنگ ہوئی۔

Bypolls in West Bengal concludes peacefully
بنگال میں پولنگ پرامن طریقہ سے اختتام پذیر

By

Published : Sep 30, 2021, 10:49 PM IST

بھوانی پور میں ترنمول کانگریس کی سربراہ اور ریاست کے وزیر اعلی ممتا بنرجی، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پرینکا ٹبریوال اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے شری جیب بسواس کے مابین مقابلہ ہے۔

بھوانی پور سیٹ پر پولنگ کے دوران رائے دہندگان کو متاثر کرنے کے لیے بی جے پی اور ترنمول کانگرس نے ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ بی جے پی نے ریاستی حکومت کے وزیر فرہاد حکیم اور سبرت مکھرجی کے خلاف انتخابی حلقہ میں رائے دہندگان کو متاثر کرنے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی۔ بی جے پی کی امیدوار محترمہ ٹبریوال نے یہ بھی دعوی کیاکہ ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے ایک پولنگ مرکز پر پولنگ عمل کو جبراً روک دیا۔ حالانکہ مسٹر حکیم نے اپنے اوپر لگے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی جانتی ہے کہ وہ ضمنی الیکشن جیت نہیں سکتی اس لیے بہانے تلاش کررہی ہے۔'

دوسری طرف ترنمول نے بھی الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی جس میں محترمہ ٹبریوال پر 20کاروں کے ساتھ گھومنے اور رائے دہندگان کو ڈرانے دھمکانے کا الزام لگایا۔

یہ الیکشن محترمہ بنرجی کے لیے سب سے زیادہ معنی رکھتا ہے۔ اسی ضمنی انتخابات کے نتائج طے کریں گے کہ وہ وزیراعلی کی کرسی پر رہیں گی یا پھر انہیں استعفی دینا ہوگا۔ دراصل مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں محترمہ بنرجی کی پارٹی نے کثیر جیت حاصل کی تھی لیکن وہ خود نندی گرام سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار شوبھیندو ادھیکاری سے شکست کھاگئی تھیں۔ اس کے باوجود انہوں نے تیسری بار ریاست کے وزیراعلی کے عہدہ کا حلف لے لیا۔ اب وزیراعلی بنے رہنے کے لیے ان کا منتخب ہوکر اسمبلی پہنچنا ضروری ہے۔ آئینی نظام کے سبب بنرجی کو اپنے عہدہ پر برقرار رہنے کے لیے چھ مہینے کے اندر اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے جو مدت پانچ نومبر کو ختم ہورہی ہے۔'

حکام نے بتایا کہ مرشد آباد ضلع کی شمشیر گنج سیٹ اور جانگی پور سیٹ پر بالترتیب 78.60فیصد اور 76.12فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔ اپریل۔ مئی کے اسمبلی انتخابات کے دوران دو امیدواروں کی موت کی وجہ سے ان سیٹوں پرالیکشن منسوخ کرنا پڑا تھا۔ ان تینوں اسمبلی حلقوں میں کل ملاکر 6,97,164رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details