مغربی بنگال میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران آن لائن جعلسازی کے متعدد معاملات کے سامنے آنے کے بعد کولکاتا پولیس اور مغربی بنگال پولیس نے صارفین کے لئے الرٹ جاری کردیا ہے۔
آن لائن ٹی شرٹ خریدنے کے بعد جنوبی 24 پرگنہ کے سونار پور کے رہنے والے نوجوان کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے غائب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 11 جولائی کو سونار پور تھانے علاقے کے رہنے والے نوجوان سندیپ پال نے ٹی شرٹ خریدنے کے لئے آن لائن آرڈر کیا۔ آن لائن آرڈر کے تحت کوریر کے ذریعہ ٹی شرٹ ان کے گھر پہنچائی گئی۔
لیکن سندیپ پال کو ٹی شرٹ پسند نہیں آئی اور انہوں نے فون کرکے ٹی شرٹ واپس کرنے کیلئے بات کی ۔
ای کمپنی کی جانب سے بتایا گیاکہ ان کے موبائل پر اوٹی پی آئے گا اور ٹی شرٹ واپس کرنے کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں راست چلی جائے گی۔
سندیپ پال نے کمپنی کی ہدایت کے مطابق بتائے گئے پروسیس پر عمل کیا۔