مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مد نظر بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے کوئی کسر چھوڑنا نہیں چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس مرتبہ ممتا بنرجی کی قیادت والی ریاستی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے جو کچھ بھی ہو سکتا ہے وہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔
بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ 'اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹرز کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانے کے لئے ہم نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔'
یوگی 13 فروری کو مغربی بنگال کے دورے پر آئیں گے: دلیپ گھوش انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کی تاریخ قریب آنے تک مغربی بنگال کے عوام کو اپنی طرف متوجہ کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اس کے لئے بی جے پی کے تمام اسٹار رہنماؤں کو بنگال بلایا جائے گا۔
دلیپ گھوش نے کہا کہ 10 فروری کو بی جے پی کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بیربھوم ضلع میں انتخابی تشہیر کے لئے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 12 فروری کو مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی ایک بار پھر بنگال میں بی جے پی کی حمایت میں انتخابی تشہیر کے لئے آئیں گی۔
ذرائع کے مطابق 13 فروری کو بی جے پی کے سینیئر رہنما اور اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ بیربھوم ضلع میں انتخابی تشہیر کے لئے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم مودی کی کسانوں سے تحریک واپس لینے کی اپیل
بی جے پی کے ریاستی صدر کے مطابق اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ کی آمد سے بی جے پی کو بھر پور فائدہ ہوگا۔ اترپردیش کے وزیر اعلی کو انتخابی تشہیر کے لئے مسلسل بلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔