برسوں بعد مغربی بنگال کی سیاست میں ایک بار پھر شمالی بنگال کو علیحدہ ریاست بنانے کا موضوع زیر بحث ہے۔
مغربی بنگال کے بانکوڑہ ضلع کے وشنوپور سے بی جے پی کے رکن پارلیمان سمترا خان اپنی پارٹی کے دوسرے رہنماؤں سے دو قدم آگے نکلتے ہوئے شمالی بنگال کے ساتھ ساتھ جنگل محل کو بھی علیحدہ ریاست بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
بی جے پی کے رکن پارلیمان سمترا خان نے کہا کہ علیحدہ ریاست بنانے کا مطالبہ کرنا کوئی جرم نہیں ہے اور اس کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے۔ شمالی بنگال کے ساتھ ساتھ جنگل محل کوبھی علیحدہ ریاست بنایا جائے۔ اگر وزیراعلی ممتابنرجی پورے معاملے کی سنجیدگی کو سمجھنے سے قاصر ہیں تو کوئی دوسرا کچھ کر بھی نہیں سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانکوڑہ، پرولیا، بیربھوم، مشرقی مدنی پور، بردوان کو ملا کر علیحدہ ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ ان اضلاع کے عوام بھی اب علیحدہ ریاست کے خواہشمند ہیں۔
بی جے پی کے رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ شمالی بنگال میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں۔ لوگ ملازمت کے لئے دوسری ریاست جانے کے لیے مجبور ہیں۔