مغربی بنگال میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور اپوزیشن پارٹی بی جے پی کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔
ہگلی ضلع سے بی جے پی کی رکن پارلیمان لاکٹ چٹرجی نے کہا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بی جے پی کے نبنو گھیراؤ کے دوران بی جے پی حامیوں کے خلاف جس طرح سے کارروائی کی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبنو گھیراؤ کے دوران پولیس نے بی جے پی کے حامیوں پر کیمیکل واٹر کا استعمال کیاتھا۔ اس کیمیکل واٹر سے بیشتر بی جے پی کے رہنما اور حامی بیمار پڑگئے ہیں۔
لاکٹ چٹرجی کے مطابق انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر کیمیکل واٹر استعمال کرنے پر ریاستی حکومت سے وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔