ریاست مغربی بنگال کے ضلع ہگلی سے بی جے پی کے رکن پارلیمان لاکٹ چٹرجی نے کہا ہے کہ 'بی جے پی توڑ جوڑ کی سیاست میں ذرا بھی یقین نہیں رکھتی ہے۔'
دراصل بی جے پی کے سابق قومی صدر اور موجودہ وزیر داخلہ امت شاہ کے دو روزہ دورہ مکمل کرکے واپس جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی بی جے پی میں دراڑ پڑنے کی اطلاع ہے۔
امت شاہ کے اگلے اسمبلی انتخابات میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ مغربی بنگال میں حکومت بنانے کے بیان کے بعد بی جے پی کی سابق خاتون ونگ کی نائب صدر ممتا باسو چکرورتی ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئی ہیں۔
وہیں اس معاملے پر بی جے پی کے رکن پارلیمان لاکٹ چٹرجی نے کہا کہ 'بی جے پی اپنی بدولت انتخابات جیتنے میں یقین رکھتی ہے۔ بی جے پی بلند حوصلوں کے ساتھ انتخابی میدان میں اترتی ہے تو پھر ہمیں توڑ جوڑ کی سیاست کرنے کی کیا ضرورت ہے۔'