جلپائی گوڑی:مغربی بنگال کے شمالی دیناج پور کے کالیاگنج میں ایک آدیباسی نوجوان کی مبینہ فائرنگ میں موت کے خلاف شمالی بنگال کے 9 اضلاع میں 12 گھنٹوں تک بند کا اعلان کیے جانے کے بعد بی جے پی کے حامی بازاروں اور دکانوں کو زبردستی بند کرانے کی کوشش کی۔ اسی درمیان بی جے پی کے تین رکن اسمبلی کو بند کی حمایت کرنے پر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں سلی گوڑی کے رکن اسمبلی شنکر گھوش، ماٹ گوڑا نکسل باڑی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی آنند موئے برمن اور کمارگرام سے رکن اسمبلی منوج اوڑاں شامل ہیں۔
پولیس نے تینوں رکن اسمبلی کے علاوہ 40 سے زائد بی جے پی کے کارکنان کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی شنکر گھوش نے کہاکہ وہ آدیباسیوں پر ہوئے ظلم کے خلاف بند کی حمایت کر رہے ہیں۔ پولیس کی تمام تر کوششوں کے باوجود عام لوگوں نے بند کو کامیاب بنایا ہے۔ رکن اسمبلی نے کہاکہ شمالی دیناج پور میں راجبنسی سماج کے لوگوں اور آدیباسیوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ آدیباسی نوجوانوں کا قتل کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی اس کی مخالفت کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں بھی مخالفت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔