کولکاتا:مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس کے ساتھ ٹیم کے دیگر ارکان اور ریاستی بی جے پی صدر سکانتا مجمدار سے ملاقات کے بعد رکن پارلیمان روی شنکر پرساد نے کہا کہ انہوں نے گورنر کو ریاست میں پھیلی دہشت گردی کے بارے میں آگاہ کیا۔ بی جے پی کے کن پارلیمان روی شنکر پرساد نے کہاکہ جب سے پنچایت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا گیا، اپوزیشن کارکنوں کو حکمراں ترنمول کانگریس کی طرف سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نتائج کے اعلان کے بعد بھی لوگ گھروں کو لوٹنے سے خوفزدہ ہیں۔
روی شنکر پرساد نے پوچھا کہ محترمہ ممتا بنرجی کی پولیس کوئی کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے۔بی جے پی کی ٹیم اب وہاں کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے جنوبی 24 پرگنہ کی طرف جارہی ہے اور جمعہ کو شمالی بنگال کے لیے روانہ ہوگی۔ روی شنکر پرساد نے بدھ کو محترمہ بنرجی کی تنقید کرتے ہوئے ان پر ریاست میں جمہوریت کو شرمندہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پنچایت انتخابات سے متعلق تشدد میں اتنی جانوں کے ضیاع کو "بدقسمتی" قرار دیا اور محترمہ بنرجی پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "آپ کی سیاست بائیں بازو کی حکومت سے بھی بدتر ہو گئی ہے۔انتخابی تشدد جمہوریت کے لیے بھی بہت خراب ہے۔