مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما پارتھو چٹرجی نے کہا کہ صبح سویرے چائے پر چرچہ کے نام پر بی جے پی کے چند رہنما ایک جگہ بیٹھ کر مغربی بنگال کو بدنام کرنے کی سازش کرتے ہیں۔
چائے پر چرچہ کے نام پر ریاست اور یہاں رہنے والے تمام لوگوں سے منفی باتیں کی جاتی ہیں۔ اس سے ریاست کی ترقی کم اور بدنامی زیادہ ہوگی۔ اس کا عام لوگوں پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔
صبح سویرے چائے پر چرچہ سے عام لوگوں کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔ وہاں منفی باتیں ہوتی ہیں جہاں منفی سوچ ہو، و ہاں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہء خیال کیسے کیا جا سکتا ہے۔
مغربی بنگال کے وزیر تعلیم اور پارٹی کے جنرل سیکرٹری پارتھو چٹرجی نے کہا کہ بی جے پی کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی مستقبل کے لئے کوئی ترقیاتی منصوبہ ہے جس پارٹی کے پاس کوئی ایجنڈا نہ ہو اس سے لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی قیادت والی حکومتیں ہیں، وہاں کیا حال ہے پورے ملک کو پتہ ہے۔ اترپردیش، مدھیہ پردیش، ہریانہ میں ترقی کی رفتار کتنی سست ہے، یہ کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔