بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ کی قیادت میں بدھ کو بی جے پی ایم پی لاکٹ چٹرجی، بی جے پی لیڈر سپن داس گپتا، میڈیا کو انچارج سنجے میوکھ اور مغربی بنگال بی جے پی لیڈر ششر باجوریا نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات کے تعلق سے میمورنڈم پیش کیا۔
الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں نندی گرام سیٹ سے ہارنے کے بعد ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے اندر مایوسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بنرجی کو بھوانی پور سے شکست کا خوف ستارہا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ریاست کی سرکاری مشینری کا غلط استعمال کرکے انتخابات کومتاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
سنگھ نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کے رہنما اور کارکن بی جے پی کارکنان کو جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ علاقے میں ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود بنرجی کے ہورڈنگز لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہم نے الیکشن کمیشن سے اس کے تعلق سے فوری کارروائی کرنے اورپارٹی امیدوار پرینکا ٹبریوال سمیت پارٹی کے کارکنان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔