کولکاتا:مرکزی حکومت مختلف مرکزی ترقیاتی اسکیموں کی رقم روک دی ہے۔ ان میں سڑک کی تعمیر، سو دن کام کی رقم کے واجبات مرکزی حکومت پر واجب ہے۔ ممتا بنرجی مختلف اسٹیج سے اس معاملے پر آواز بلند کرچکی ہیں۔ بی جے پی اور مرکزی حکومت کی شکایت ہے کہ مرکز سے ملنے والی رقم کا حساب نہیں دیا گیا ہے۔ اس لیے فنڈ روکے گئے ہیں۔ ان تمام شکایات کے باوجود مغربی بنگال کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ مرکزی حکومت نے بنگال کو بھومی سمان پلاٹینم ایوارڈ سے نوازا ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کو یہ اعزاز ملنے کی اطلاع خود ہی دی۔ ممتا نے آج ایک ٹویٹ کیا کہ مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے بہت فخر ہو رہا ہے کہ بنگال کو مرکز کی جانب سے باوقار ”بھومی سمان پلاٹینم ایوارڈ“ ملا ہے۔ بنگال کو زمینی ریکارڈ کی جدید کاری کے لیے ملک کی بہترین ریاست کے طور پر اعزاز دیا گیا ہے۔ بانکوڑہ، ہوڑہ، مرشد آباد اور ندیا اضلاع کو ضلع سطح پر یہ اعزاز حاصل ہوا۔ ریاستی حکومت نے ہمیشہ سرکاری ریکارڈ کی جدید کاری اور ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیا ہے۔ مبارک ہو ان لوگوں کو جنہوں نے بنگال کی اس شان میں اپنا کردار ادا کیا ہے“۔
خیال رہے کہ ملک کے کل 75 اضلاع کو یہ اعزاز ملا ہے۔ ڈیجیٹل ذرائع سے زمین کے رجسٹریشن اور زمین کی جدید کاری میں بنگال سب سے آگے ہے۔ تریپورہ پہلے نمبر پر ہے۔ ریاست کے چار اضلاع میں جہاں زمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کیا گیا ہے، زمین کی ملکیت کی منتقلی اور دیگر مسائل کو بہت تیزی سے حل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے ہر ضلع کے جیو میپ کو ڈیجیٹائز کرنے کا کام جاری ہے۔