کولکتہ: مغربی بنگال کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے سابق رکن پردیپ بھٹاچاریہ نے راہل گاندھی کو خط لکھا ہے۔ جس میں ان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارت نیائے یاترا کے مجوزہ راستے میں کولکتہ کو شامل کریں جو 14 جنوری کو امپھال سے شروع ہو کر ممبئی میں 14 ریاستوں کے 85 اضلاع کا احاطہ کرنے کے بعد اختتام پذیر ہو گی۔
بھٹاچاریہ نے اپنے خط میں راہل گاندھی سے امکانات تلاش کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ کولکتہ کے علاوہ یہ ریلی بیربھوم، مشرقی بردوان، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ اور نادیہ جیسے اضلاع سے بھی گزر سکے۔ بھٹاچاریہ نے کہا کہ کولکاتہ اور دیگر اضلاع سے گزرنے والی ریلی نچلی سطح کے پارٹی کارکنوں کے حوصلے کو بڑھانے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔ کانگریس کے سینئر رہنما کا یہ خط وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے ریاست کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی مفاہمت کے امکان کو مسترد کرنے کے ایک دن بعد آیا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ "انڈیا بلاک کو قومی سطح پر رہنے دیں، مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس تنہا مقابلہ کرے گی۔ یاد رکھیں مغربی بنگال میں صرف ترنمول ہی بی جے پی کو سبق سکھا سکتی ہے۔ ترنمول پورے ملک کو راستہ دکھا سکتی ہے۔ کوئی دوسری پارٹی ایسا کرنے کے قابل نہیں ہے"۔