رانی گنج:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی کو خدشہ ہے کہ ضرورت سے زیادہ کان کنی کی وجہ سے جوشی مٹھ کی طرح رانی گنج اور آسنسول بھی تباہی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے ۔کیونکہ علاقہ کے باشندے پہلے بھی ایسے کئی واقعات دیکھ چکے ہیں۔ کئی مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔ ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ تاہم اس کے بعد بھی اس علاقے میں رہنے والوں کے لئے کچھ بھی نہیں کیا گیا ہے۔ اس لئے آسنسول اور رانی گنج کوئلہ کان کے علاقے کے تقریباً 50 ہزار لوگ اب بھی خوف کے عالم میں دن گزار رہے ہیں۔ رہائشیوں کی شکایت ہے کہ زندگی کو لے کر بہت زیادہ سیاست ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آسنسول اور رانجی گنج کو لے کر 13 جون 1997 میں ڈپٹی جنرل آف مائنز سیفٹی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وسیع پیمانے پر کوئلے کی کان کنی کی وجہ سے رانی گنج کان کنی کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 146 گاوں غیر محفوظ ہیں۔ ان میں سے سات علاقوں میں ریلوے، سڑکیں اور تیل کی پائپ لائنیں ہیں۔ لہٰذا حفاظت کی خاطر انہیں اپنا رخ بدلنا ہوگا۔ باقی 139 علاقے کے باشندوں کی بازآبادکاری کی جائے گی۔
نوٹس کے پیش نظر آسنسول کے اس وقت کے سی پی ایم کے رکن پارلیمان ہرادھن رائے نے دعویٰ کیا کہ لوگوں کی محفوظ جگہ منتقلی کے تمام اخراجات ای سی ایل کو برداشت کرنا چاہئے۔ اسی سال انہوں نے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ای سی ایل نے 1999 میں مقامی باشندوں کی بازآبادکاری کا ماسٹر پلان تیار کیا۔ اس کے لئے کل 2,610 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ خاص طور پر رانی گنج میں نمچا، کنڈا، دھسل، بیلبند، چتیم ڈنگا اور سلان پور کے سنگرام گڑھ سمیت ایک بڑا علاقہ، جموریہ میں کئی گاؤں کی پنچایتیں تودے گرنے سے متاثرہ علاقوں میں آ رہی ہیں۔