مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بیرکپور پارلیمانی حلقہ ایک صنعتی خطہ ہے اور جوٹ صنعت کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے لیکن گزشتہ دو دہائی سے یہ صنعت زوال پذیر ہے۔ عام انتخابات 2024 کے مدنظر بیرکپور صنعتی خطہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے زوال پذیر جوٹ صنعت کو لے کر سیاست تیز کر دی ہے۔ اسی درمیان شمالی 24 پرگنہ کے بیرکپور پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمان ارجن سنگھ نے جوٹ صنعت اور مزدوروں کو ماں ماٹی مانُش کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد جوٹ ملوں کے حالات بدلنے والے ہیں۔
عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمان ارجن سنگھ نے کہا کہ وہ جب بی جے پی میں شامل تھے اس وقت سے لے کر ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے تک جوٹ صنعت کو لے کر متحرک تحریک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نومبر میں جوٹ اشیاء کو ختم کرنے کو لے کر دہلی میں بات چیت چل رہی تھی اسی وقت اس کی مخالفت کر دی تھی۔ اس وقت سے بی جے پی کے ساتھ دوریاں بنتی گئی اور آج نتیجہ سب کے سامنے ہے۔