مغربی بنگال میں کورونا کی دوسری لہر کا قہر جاری ہے۔ روزانہ سینکڑوں لوگوں کی موت ہو رہی ہے۔ ریاستی حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود کورونا وائرس کی رفتار کم ہو نہیں پائی ہے۔ جس کے سبب معیشت پوری طرح سے تباہ و برباد ہو کر رہ گئی ہے۔
تباہ حال معیشت کے درمیان مغربی بنگال یکے بعد دیگر کارخانوں کے بند ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ہوڑہ ضلع کے بالی میں واقع مہا دیو جوٹ مل کے بند ہونے سے تقریباً ڈیڑھ ہزار مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں۔ مزدوروں نے مل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
دراصل آج دن میں جوٹ مل کے گیٹ پر ورک آف سسپنشن کا نوٹس لگا دیا گیا تھا۔ مزدور نوٹس دیکھ حیران رہ گئے۔ اس کے بعد مزدوروں نے احتجاج شروع کر دیا۔ مل انتظامیہ نے خام مال کی کمی اور کورونا گائیڈ لائن کے تیس فیصد مزدوروں کے ساتھ مل چلانے کی ہدایت کے سبب جوٹ مل بند کرنے کی وجہ بتائی۔