ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل شمالی 24 پرگنہ ضلع کے باراسات تھانہ علاقے میں خصوصی مہم کے دوران ایس ٹی ایف نے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش سے مبینہ تعلق رکھنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
کولکاتا پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس نے جنوبی کولکاتا سے گرفتار بنگلہ دیش کے تین شہریوں سے پوچھ گچھ سے ملی معلومات کی بنیاد پر شمالی 24 پرگنہ کے باراسات تھانہ علاقے میں خصوصی چھاپہ ماری مہم چلائی۔
کولکاتا پولیس کی ایس ٹی ایف نے بتایا کہ جنوبی کولکاتا کے بہالہ تھانہ کے تحت ہری دیب پور علاقے سے گرفتار ہونے والے بنگلہ دیشی شہریوں سے پوچھ گچھ کے دوران موصول معلومات کی بنیاد پر ریاستی سطح پر تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔
ایس ٹی ایف نے کہا کہ ان ہی معلومات کی بنیاد پر باراسات سے جے ایم بی سے تعلق رکھنے کے الزام میں ایک شخص کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شخص کی شناخت لالو سین، راہل سین، عرف راہل کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ بنگلہ دیش سے آنے والے لوگوں کو بھارتی دستاویزات (ووٹر کارڈ، آدھار کارڈ اور راشن کارڈ ) فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔
جماعت المجاہدین سے مبینہ تعلق کے الزام میں ایک شخص گرفتار
جنوبی کولکاتا کے بہالہ تھانہ علاقے کے بعد ایس ٹی ایف نے شمالی 24 پرگنہ کے باراسات سے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش سے مبینہ تعلقات رکھنے کے الزام میں لالو سین، راہل سین، عرف راہل کمار نام کے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
مزید پڑھیں:جماعت المجاہدین سے مبینہ تعلق کے الزام میں تین بنگلہ دیشی شہری گرفتار
ایس ٹی ایف نے مزید بتایا کہ باراسات سے گرفتار شخص شمالی 24 پرگنہ میں واقع بھارت - بنگلہ دیش سرحد پر کام کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کولکاتا پولیس کی ایس ٹی ایف نے اکتوبر 2014 میں بردوان ضلع کے کھاگڑھ میں ہوئے دھماکے کے بعد سے ہی مغربی بنگال میں موجود جماعت المجاہدین بنگلہ دیش کے سلیپر سیل کی تلاش شروع کر دی تھی۔ ایس ٹی ایف کے مطابق مغربی بنگال میں جے ایم بی کے سلیپر سیل موجود ہے، جو بھارت - بنگلہ دیش سرحد سے متصل اضلاع شمالی 24 پرگنہ، مرشدآباد، مالدہ، ندیا میں سرگرم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے جنوبی شہری بہالہ تھانہ علاقے سے ایس ٹی ایف نے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی ) سے مبینہ تعلق رکھنے کے الزام میں تین بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا تھا۔