بنگال بی جے پی نے 8 اکتوبر کو ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو گھیراؤ مہم کے ذریعہ سیاسی سرگرمی بڑھاد ی ہے۔ وہیں اب بی جے پی نے وزیر اعظم مودی سے درخواست کی ہے کہ 22 اکتوبر کو ساتویں کے موقع پر ورچوئل ریلی سے خطاب کریں۔
بی جے پی کے ایک سینیئر رہنما نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم مودی جی سے درخواست کی ہے کہ وہ ساتویں کے موقع پر بنگال کے عوام سے خطاب کریں کیوں کہ بھگوان رام نے ماں سیتا کی باز یابی کیلئے درگا ماں کی پوجا کی تھی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ درگا پوجا سے قبل شمالی بنگال اور بوتھ سطح کے کارکنان سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ امت شاہ ریاست کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے اور شمالی بنگال و جنوبی بنگال میں ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پارٹی رہنماؤں کو ریاست میں انتخابی تیاری کیلئے روڈ میپ دیں گے اور ترنمول کانگریس کی قیادت والی حکومت کے خلاف انتخابی مہم کا شیڈول طے کیا جائے گا۔
مزید پڑھیے:کولکاتا میں بی جے پی کے پرتشدد مارچ کی پوری تفصیلات
بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ درگاپوجا سے قبل امت شاہ بنگال کا دورہ کریں گے اور وہ ایک سے زائد میٹنگ میں شرکت کریں گے اور ریاست کی صورت حال کا جائزہ لیں گے۔ وہ پہلے ہی آنا چاہتے تھے مگر صحت کے مسائل کی وجہ سے نہیں آسکے۔ بنگال میں ان کی میٹنگ بہت ہی اہم ہے اور جلد ہی ان کے دورے کی تاریخ طے کرلی جائے گی۔
امت شاہ اور وزیر اعظم کے بنگال پروگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما سوگاتا رائے نے کہا کہ بی جے پی بنگال کیلئے فٹ جماعت نہیں ہے اور انہیں بنگالی تہذیب و ثقافت سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ بی جے پی نے 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی پوجا کا سیاسی استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔