کولکاتا کے فٹ پاتھوں اور بستیوں میں سینکڑوں افراد ایسے ہیں جن کے پاس سخت ٹھنڈ میں بدن ڈھانپنے کے لئے کپڑے نہیں ہیں۔ شدید سردی میں فٹ پاتھوں پر پڑے متعدد افرادموسم کی سختی برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ ایسے میں عالیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے دو برسوں قبلمفت بازار کے نام سے ایک مہم شروع کی تھی۔
مختلف ذرائع سے گرم کپڑے اور عطیات حاصل کر کے یہ طلباء غریب ناداروں کے لئے گرم کپڑے کا انتظام کر رہے ہیں۔ ہر سال سردی کے موسم میں عالیہ یونیورسٹی کے طلبہ ریاست کے کئی اضلاع میں مفت بازار لگاتے ہیں جہاں سے ضرورت مند اپنے لئے مفت میں کپڑے حاصل کر سکتے ہیں۔
مرشدآباد، مالدہ، 24 پرگنہ اور کولکاتا میں کئی روز تک مفت بازار لگایا جاتا ہے۔ جس سے سینکڑوں ضرورت مند فیض یاب ہوتے ہیں۔
اس بار عالیہ یونیورسٹی کے گیٹ کے سامنے ہی طلبہ نے مفت بازار لگایا ہے۔ ضرورت مند افراد یہاں سے آکر کپڑے لے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب آس پاس کی بستیوں میں جا کر بھی ضرورت مندوں میں کپڑے تقسیم کر رہے ہیں۔ اس مہم کی قیادت ویسٹ بنگال مدرسہ اسٹوڈنٹس یونین کے صدر ساجد الرحمٰن کر رہے ہیں۔