سلی گوڑی:مغربی بنگال کے سلی گوڑی ضلع میں واقع شمالی بنگال یونیورسٹی اس وقت میدان جنگ میں تبدیل ہو گئی جب سوشلسٹ یونٹی سنٹر آف انڈیا(ایس یو سی آئی) کی طلبہ تنظیم اے آئی ڈی ایس او اور ترنمول کانگریس کی طلبہ تنظیم کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ سلی گوڑی ضلع میں واقع شمالی بنگال یونیورسٹی میں اے آئی ڈی ایس او اور حکمراں جماعت کی طلبا تنظیم ٹم ایم سی پی کے حامیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ میں متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس سے پورے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں دونوں جانب سے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شمالی بنگال یونیورسٹی میں اے آئی ڈی ایس او سرکاری ملازمین کے ڈی اے میں مطالبے کو لے کر احتجاج کر رہے تھے۔ اے آئی ڈی ایس او کے حامی ریاستی حکومت کے خلاف احتجاجی دھرنے میں بیٹھے تھے اسی وقت ترنمول کانگریس کے حامی وہاں پہنچ کر نعرہ بازی کرنے لگے۔ اسی درمیان دونوں طلبا تنظیموں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔