مغربی بنگال میں ان دنوں قدرتی آفات کے خطرے منڈلا رہے ہیں۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی رفتار سست پڑی تو یاس نامی طوفان آیا اور قہر برپا کر کے چلا گیا۔ بنگال کے لوگ ابھی ان دونوں قدرتی آفات کے صدمے سے ابھر پاتے کہ بلیک فنگس پیر پھیلانے لگا۔
بلیک فنگس کے مریضوں کی کل تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی درمیان شمالی بنگال کے علی پور دوار میں واقع بھارت۔ بھوٹان سرحد سے متصل گاؤں میں رہنے والے لوگوں پر ان دنوں افریقی سوائن فلو کی دہشت طاری ہے۔
پڑوسی ملک بھوٹان میں افریقی سوائن فلو سے سینکڑوں لوگ بیمار پڑ گئے ہیں۔ بھوٹان کی سرحد علی پور دوار سے متصل ہونے کے سبب سرحدی گاؤں میں بھی پھیلنے کا خطرہ ہے۔