مغربی بنگال کے تین اسمبلی حلقوں میں 30 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ کولکاتا کے بھوانی پور سے ترنمول کانگریس کی امیدوار وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے علاوہ مرشدآباد کی دو سیٹیں جنگی پور اور شمشیرگنج میں بھی سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہے۔
بھوانی پور اسمبلی حلقے میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی انتخابی مہم کی ذمہ داریاں خود سنبھال رہیں ہیں جبکہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری ابھیشک بنرجی کے سامنے جنگی پور اور شمشیرگنج کے امیدواروں کو جیت دلانے کا سخت چیلنج ہے۔
مرشدآباد ضلع کے شمشیرگنج سے کانگریس کے امیدوار زاہد الرحمن کی حمایت میں انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ای ڈی کے ابھیشک بنرجی کو بلانے کے بعد ترنمول کانگریس کی بی جے پی کے خلاف پالیسی میں تبدیلی آئی ہے۔ اس لئے بی جے پی کے بجائے کانگریس کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔